اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کا بطور پارٹی سیکرٹری جنرل استعفیٰ منظور کرلیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا استعفیٰ منظور کیا۔ عم ایوب کے مطابق اپوزیشن لیڈر رہتے ہوئے کیس بھگتنے، جلسوں کے انتظامات اور دیگر معاملات کا بھی بوجھ تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس سے قبل 22 جون کو پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیا تھا لیکن وہ منظور نہیں کیا گیا۔
عمر ایوب نے کہا کہ میں بطور کارکن پی ٹی آئی بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ کام جاری رکھوں گا۔ میں نے شبلی فراز کو عمران خان تک استعفیٰ پہنچانے کا کہا تھا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب کا بطور سیکرٹری جنرل استعفی منظور کرکے سلمان اکرم راجہ کو اس عہدے کے لیے نامزد کردیا۔
عمران خان نے پارٹی کے پارلیمانی امور اور عملی سیاسی معاملات کو الگ کر دیا۔
عمران خان نے عملی سیاست کی ذمہ داری سلمان اکرم راجہ کو تفویض کرتے ہوئے انہیں سیکرٹری جنرل نامزد کیا ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز پارلیمانی معاملات دیکھیں گے۔