کراچی ( نئی تازہ مانیٹرنگ)عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر کئی گھنٹے پھنسے رہنے کے بعد پاکستانی زائرین کرچی ایئر پورٹ پہنچ گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بغداد ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے پاکستانی زائرین عراقی ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔
عراقی ایئر ویز کی پرواز آئی اے 2431 پاکستانی زائرین کو لے کرہفتہ کی صبح 6 بج کر 15 منٹ پر کراچی ایئر پورٹ پہنچی۔
یاد رہے کہ قبل ازیں عراق میں موجود پاکستانی سفیر نے بتایا تھا کہ 600 میں سے 320 زائرین آج پاکستان پہنچ جائیں گے اور وہی پرواز باقی زائرین کو لینے کے لیے واپس آئے گی۔
عراق میں پھنسے پاکستانی زائرین میں سے اب تین سو سے زائد کراچی پہنچ گئے ہیں اور باقی زائرین کی آمد بھی جلد متوقع ہے۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عراق کے بغداد ایئرپورٹ پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہوجا نے کے باعث پھنس جانے کی اطلاعات پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امورچوہدری سالک حسین نے نوٹس لے لیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے مذ ہبی امور نے عراق میں پاکستانی سفیر ذیشان احمدسے ٹیلیفون پر رابط کیا تھا، پاکستانی سفیر نے بتایا کہ عراق میں پاکستانی مشن تمام صورت حال کو دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ امیگریشن وزارت خارجہ عراقی ایئرویز سمیت تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
پاکستانی سفیر ذیشان احمد کے مطابق بغداد ایئر پورٹ پر پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ گم ہونے بارے خبریں غلط ہیں، یہ صورت حال ٹورزم کمپنیوں کی بدانتظامی کی وجہ سے پیدا ہوئی۔