اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ ( 11 ویں، 12 ویں) کے سالانہ امتحانات 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا۔
پری میڈیکل گروپ میں تمام پوزیشنز لڑکیوں نے حاصل کر لیں جبکہ پری انجینئرنگ میں پہلی اور تیسری پوزیشن بھی طالبات کے نام رہی۔
فیڈرل بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اپریل مئی 2024 میں منعقدہ ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ HSSC کے امتحانات کے نتائج کے مطابق 11ویں جماعت میں کامیاب ہونے والے طلبا کا تناسب 58.75 فیصد جبکہ 12ویں میںکامیابی کا تناسب 82.58 فیصد رہا۔ 11ویں جماعت کے امتحان میں حصہ لینے والے طلبا کی تعداد 93257 تھی۔ جس میں 53369 کامیاب ہوئے ۔نتائج کے مطابق 12ویں جماعت میں حصہ لینے والے طلبا کی تعداد 90518 تھی جس میں کامیاب طلبا کی تعداد 72653 رہی۔
چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ سید جنید اخلاق نے نتائج کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کو امتحانی نظام کے بارے میں بریفنگ دی اور پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو مبارکباد پیش کی۔
مہمان خصوصی وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حکومت سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے اور مختلف اصلاحات متعارف کروا رہی ہے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔ وفاقی وزیر نےکہا کہ حکومت کی کوششوں کا مقصد ملک کے تمام طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتیں بہتر طریقے سے اجاگر کر سکیں۔
وفاقی وزیر تعلیم نے تمام کامیاب طلبہ کو ان کی انتھک محنت اور لگن پر مبارکباد پیش کی ، وفاقی وزیر تعلیم ، وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی، چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق اور سیکرٹری فیڈرل بورڈ ڈاکٹر بشیر خان نے پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔