چلڈرن ہسپتال فیصل آباد میں ڈاکٹروں نے آپریشن کر کے 25 دن کی نومولود بچی کے پیٹ سے بچہ نکال لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کے نواحی گاؤں کےرہائشی امانت علی کی نومولود بیٹی زینب کو پیٹ مسلسل پھولنے کے باعث چلڈرن ہسپتال لایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کےمطابق بچی کا پیٹ مسلسل پھول رہا تھا، طبی معائنہ اور ٹیسٹ کرانے پرمعلوم ہوا کہ پیٹ کے اندر بچہ ہے، جس کے بعد ڈاکٹرز نے آپریشن کا فیصلہ کیا اور کامیاب آپریشن کےذریعے 25 دن کی بچی کے پیٹ سے بچہ نکال لیا گیا۔
ڈاکٹروں کےمطابق یہ ایک نایاب کیس تھا۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کو طبی اصطلاح میں فیٹس اِن فیٹو کہا جاتا ہے، اور اس طرح کے کیسز بہت کم سامنے آتے ہیں، پہلی بار ایسا کیس 1945 میں سامنے آیا تھا۔
فیٹس اِن فیٹو میں جڑواں بچوں کے جنین بنتے ہیں لیکن ایک نامکمل رہ کر ضائع ہونے کے بجائے دوسرے بچے میں پیوست ہوجاتا ہے، اور یہ انسانی باقیات کی صورت میں صحت مند بچے کے پیٹ میں رہتا ہے اور ایک حد تک پروان بھی چڑھتا رہتا ہے۔
آپریشن کے بعد بچی کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔