لاہور( نئی تازہ ڈیسک) پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں کے نئے اوقات کار جاری کر دیئے ہیں ، 15 اگست 2024 سے لاگو نئے شیڈول کے مطابق سرکاری سکولوں میں ہفتہ وار دو تعطیلات ہوں گی۔
نیا شیڈول حکومت کی طرف سے سرکاری اسکولوں میں ہفتے میں پانچ روزکام کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے، ہفتہ میں دو تعطیلات کا فیصلہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران کیا گیا تھا جس پر اب سکول دوبارہ کھلنے کے بعد پہلی بار عمل ہو گا۔
طلباء کے لیے نیا شیڈول
پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نوٹیفکیشنمیں اسکولوں کے اوقات کو احتیاط سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ سنگل اور ڈبل شفٹ اسکولوں کو ایڈجسٹ کیا جاسکے:
سنگل شفٹ اسکولوں کے اوقات کار برائے طلبہ:
پیر تا جمعرات: کلاسز صبح 8:00 بجے شروع ہوں گی اور دوپہر 1:30 بجے ختم ہوں گی۔
جمعہ: صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:20 بجے تک۔
ڈبل شفٹ اسکول:
صبح کی شفٹ:
پیر سے جمعرات: صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ۔
جمعہ: صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:00 بجے تک۔
دوپہر/شام کی شفٹ:
پیر سے جمعرات: دوسری شفٹ دوپہر 1:00 بجے سے شام 5:30 تک ۔
جمعہ: دن 2:30 بجے سے شام 5:30 بجے تک۔
نوٹیفکیشن میں اساتذہ اور عملے کے لیے مخصوص ہدایات جاری کی گئی ہیں، جس میں مسلسل پیشہ ورانہ ترقی (CPD) اور دیگر تعلیمی ذمہ داریوں کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔ اساتذہ کا نیا شیڈول درج ذیل ہے۔
سنگل شفٹ اسکول:
پیر سے جمعرات: اساتذہ صبح 8:00 بجے سے دوپہر 3:00 بجے تک ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
جمعہ:اساتذہ صبح 8:00 بجے سے دوپہر 12:30 بجے تک ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
ڈبل شفٹ اسکول:
صبح کی شفٹ:
پیر تا جمعرات: اساتذہ صبح 8:00 بجے سے دوپہر 2:00 بجے تک کام کریں گے۔
جمعہ: کام دن 12:30 بجے ختم ہوگا۔
دوپہر/شام کی شفٹ:
پیر تا جمعرات: اساتذہ کے لیے دوسری شفٹ دوپہر 1:00 بجے سے شام 7:00 بجے تک ہوگی۔
جمعہ: اساتذہ کے لیے اوقات دوپہر 2:30 سے شام 5:30 تک ہوں گے۔
اساتذہ کو دو ہفتوں میں ایک بار ہفتہ کے روز صبح 9 سے 12 بجے تک ڈیوٹی دینا ہو گی۔