پاورڈویژن نےبجلی چوری کے خلاف الگ عدالتوں اور تھانوں کے قیام سے متعلق اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔
پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بجلی چوری کےخلاف الگ عدالتیں اور تھانے قائم کرنے کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں،
بیان کے مطابق اس حوالے سےمیڈیا کےمختلف حصوں میں سامنے آنے والی خبروں کا تمام مواد من گھڑت ہے۔ بیان کے مطابق پاور ڈویژن کی طرف سے ایسا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔
پاور ڈویژن کے بیان میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی بجلی چوری کے خلاف مہم جاری ہے اور اس مہم کے لیے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ بیان میں یہ بھی وضاحت کی گئی ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام کی مہم پر آنےوالے اخراجات صارفین سے وصول نہیں کیے جاتے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل میڈیا میں ایس خبریں سامنے آئی تھیں کہ نئی قانون سازی کر کے بجلی چوروں کو پکڑنے کے لیے الگ تھانے اور نیا عدالتی نظام متعارف کرایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ محکمہ ریلوے کی طرح الگ پولیس سٹیشن، خصوصی عدالتیں اور پراسیکیوٹر ہوں گے اور یہ کہ بجلی چوروں کوگرفتار کرنے کا خرچہ بھی صارفین ادا کریں گے ۔