اسلام آباد کے سکولوں میں پیر5 اگست سے وزیراعظم سکول میلزپروگرام کا آغاز کر دیا جائے گا،پروگرام سے 60 ہزار بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم سکول میلزپروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت کے سرکاری پرائمری سکولوں میں 5 اگست 2024 سے سکولوں میں کھانے کی فراہمی شروع ہو رہی ہے، پرائم منسٹر سکول میلز پروگرام میں پرائم منسٹرزنیشنل نیوٹریشن انیشیٹو فائر لیس ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے، پروگرام کے تحت 60 ہزاربچوں کے لیے کھانا پکانے کے لیے جدید ترین سینٹرلائزڈ کچن کا استعمال کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بھاپ سے کھانا تیار کرنے کی ٹیکنالوجی کے ذریعے کھانا فوڈ گریڈ برتنوں میں پکایا جائے گا، کھانا تیار ہونے کے بعد اسے خوراک محفوظ رکھنے کے کنٹینرز میں ڈال کرسکولوں میں ترسیل کے لیے بھیج دیا جائے گا۔
پروگرام سے وفاق کے 217 پرائمری سکولوں کے بچے مستفید ہوسکیں گے، ذرائع کے مطابق اس پروگرام کا مقصد بچوں کی سکول میں حاضری بڑھانا ہے اوراس منصوبے سے تعلیم کیساتھ ان کی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔ ماہرین کے مطابق بچوں میں خوراک کی کمی متعدد مسائل کا باعث بن رہی ہے ۔