لاہور(نئی تازہ رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ نے پی ٹی آئی کی کارکن فلک جاوید سمیت متعدد افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ لاہور کی جانب سے درج کی گئی ایف آر میں کہا گیا ہے کہ فلک جاوید کو ویڈیو اپ لوڈ ہونے سے پہلے ہی اس خبر کو پھیلاتی رہیں، ایف آئی آر میں فلک جاوید کے علاوہ حسن طور، عاصمہ تبسم ، شہاب الدین ، محمد شفیق بھی نامزد ہیں۔
ایف آئی اے سائبرنے مقدمہ میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے اور شیئر کرنے میں ملوث 20 سے زائد ایکس( ٹوئٹر) اکاؤنٹس ہولڈر کو بھی شامل کیا ہے ، اسی طرح فیس بک اور ٹک ٹاک پر ویڈیوز اپ لوڈ اور شیئر کرنے والے 10اکاؤنٹ ہولڈرز بھی ایف آئی آر میں شامل ہیں۔
ایف آئی اے سائبر ونگ نے مقدمہ میں ملوث ٹک ٹاکر محمد شفیق کو گجرات سے گرفتار کر لیا ہے، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزم کے پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کے ساتھ اسلام آباد آفس سے بھی رابطوں کا پتہ چلا ہے، تفتیش میں یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ تحریک انصاف کے اسلام آباد میں سوشل میڈیا سیکرٹریٹ سے ملزمان کو ہدایات جاری کی گئیں۔