اسلام آباد( نئی تازہ مانیٹرنگ) وفاقی کابینہ نے 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کیلئے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں 6 نکاتی ایجنڈہ زیر غور لایا گیا۔
وفاقی کابینہ نے 126 ممالک کے شہریوں کے لیے ڈیجیٹل ویزا دینے کی منظوری دے دی۔ ان ممالک کے بزنس مین اور ٹورسٹ پاکستان میں ویزا فری انٹری کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ کابینہ نے اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کی سمری منظور کر لی ۔
نئے ویزا سسٹم کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس میں 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو مفت ویزوں کی فراہمی سمیت بڑی تبدیلیاں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پالیسی سیاحوں اور کاروباری برادری کے لیے پاکستان کی راہداری کھول دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویزہ 24 گھنٹے میں الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی فارم کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔اس سے بیرونی سرمایہ کاری بڑھے گی، اس فیصلے سے پاکستان باہر سے آنے والوں کے لئے ایک پرکشش مقام بن گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نو ایئرپورٹس اور گوادر پورٹ پر ای گیٹس نصب کیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں یہ ای گیٹس کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر لگائے جائیں گے۔