معاشی درجہ بندی کے عالمی ادارے ’فچ‘ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت 18 ماہ تک قائم رہے گی،حکومت ختم ہوئی توٹیکنوکریٹس کی حکومت آئے گی جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مستقبل قریب میں بھی قید رہیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فچ نے اپنی حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے فروری کے الیکشن میں آزاد امیدواروں کو بڑی تعداد میں کامیابی ملی، جیتے والے آزاد امیدواروں کو بانی پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہونے والے مظاہرے معاشی سرگرمیوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
فچ کی پیش گوئی کے مطابق موجودہ پاکستانی حکومت آئی ایم ایف سے مل کر معاشی اصلاحات کرے گی، موجودہ حکومت 18 ماہ تک قائم رہے گی، یہ حکومت ختم ہوئی تو پاکستان میں ٹیکنوکریٹس کی حکومت آجائے گی جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مستقبل قریب میں زیر حراست ہی رہیں گے۔
رپورٹ میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہوسکتی ہے، شرح سود میں کمی کا امکان ہے او اسٹیٹ بینک کی طرف سے شرح سود کو 14 فیصد تک لائے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے حالیہ رپورٹ میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد پاکستان کے لیے عالمی فنڈنگ بہتر ہوگی۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد پاکستان کو ٹیکسزکے حوالے سے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔