اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.99 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 99 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا۔ اس طرح پیٹرول کی نئی قیمت 275 روپے 60 پیسے ہو گئی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی طرف سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 18 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، اضافے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 283 روپے 63 پیسے ہوگئی ہے۔
مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں بھی ایک روپیہ 85 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 183روپے 71 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق منگل 16 جولائی سے ہو گا۔ یہ قیمتیں آئندہ 15 روز کے لیے لاگو ہوں گی۔
واضح رہے کہ حکومت کی طرف سے رواں مالی سال کے لیے پیٹرول لیوی کی حد بھی 60 سے بڑھا کر 70 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ وزارت خزانہ نے پندرہ روز قبل بھی نئے مالی سال کے آغازپر یکم جولائی 2024 سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے فی لیٹر سے زائد اضافے کا اعلان کیا تھا۔یکم جولائی سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 45 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 56 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔