راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق شیر افضل مروت کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری سول جج راولپنڈی ڈاکٹر محمد ممتاز ہنجرا نے جاری کیے۔
ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری شیر افضل مروت کی عدالت میں عدم حاضری پر جاری کئے گئے، شیر افضل مروت کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کی طرف سے مقدمہ درج کرایا گیا تھا ۔
عدالتی حکم میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت یا ان کے وکیل عدالت میں حاضر نہیں ہوئے جس پر وارنٹ جای کیے جا رہے ہیں۔
شیر افضل مروت پرٹھلیاں موٹروے انٹرچینج کے قریب پلاٹ پر غیر قانونی تعمیرات کرنےکا الزام ہے۔
شیر افضل مروت نے 2023 میں الزام لگایا تھا کہ آر ڈی اے نے ان کا گھر مسمار کردیا ہے جبکہ آر ڈی اے نے مؤقف اپنایا تھا کہ شیر افضل مروت جس پراپرٹی کی ذکر کر رہے ہیں، وہ اسکیم ہی غیر قانونی ہے۔ آر ڈی اے کے مطابق نوٹسز کا جواب نہ دینے پر مالکان کےخلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی رکنیت معطل کر رکھی ہے۔