لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں دوہفتہ وار چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ سکولوں میں پیر سے جمعہ تک تدریسی اوقات کار بڑھادیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم نے سکولوں میں اتوار کے ساتھ ہفتہ کی تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے اس طرح سکولوں میں ہفتے میں پانچ دن پڑھائی ہو گی ، دو چھٹیون کی وجہ سے سکولوں میں پیر سے جمعہ تک یومیہ تدریسی اوقات کار بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے جبکہ ہفتے کے روز سرکاری سکولوں میں مکمل چھٹی ہوگی اور اس دن مرحلہ وار اساتذہ کی ٹریننگ کی تجویز زیر غور ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ اساتذہ ہفتے کی چھٹی کو کپیسٹی بلڈنگ اور لیسن پلاننگ کے لیے استعمال کرنے کے بارے میں اپنی رائے سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ پہلے ہی تعلیم کے ساتھ دیگر خدمات بھی انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا خیال رکھنا ہمارا فرض ہے، اساتذہ کی پرموشن سے متعلق مسائل بھی جلد حل ہوجائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ہفتہ وار دو چھٹیوں کی وجہ سے سکولوں کے اوقات کار میں یومیہ ایک گھنٹے کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔