انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ٹی 20 فارمیٹ میں کھلاڑیوں کی تازہ رینکنگ جاری کردی ، باؤلنگ اور آل راؤنڈ کیٹیگری میں کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکا۔
آئی سی سی کی جاری کردہ بلے بازوں کی ٹاپ فور رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور بھارت کے سوریا کمار یادیو بدستور پہلے، انگلینڈ کے فل سالٹ دوسرے، پاکستانی کپتان بابر اعظم تیسرے اور محمد رضوان چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی 20 باؤلرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے اسپنر عادل رشید پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے اسپنر عقیل حسین نے بڑا جمپ لگایا اور 6 درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی تازہ باؤلنگ رینکنگ اور آل راؤنڈ کیٹیگری کے ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں آسٹریلیا کے مارکوس اسٹوئنس افغانستان کے محمد نبی کی جگہ پہلی پوزیشن پر آ گئے ۔
مارکوس اسٹوئنس کی پوزیشن میں ایک درجہ ترقی ہوئی بکہ محمد نبی تین درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے۔
سری لنکا کے ونندو ہاسارانگا ایک درجہ بہتری کے ساتھ دوسری جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 2 درجہ بہتری کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئے۔
پاکستان کے فاسٹ بائولر شاہین آفریدی تین درجہ تنزلی کے بعد 15 ویں پوزیشن پر چلے گئے۔
بیٹنگ میں آسٹریلیا کے اوپنر ٹریوس ہیڈ پانچ درجے ترقی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پورن آٹھ درجہ ترقی کے بعد گیارہویں نمبر پر آگئے ۔