مکہ مکرمہ ( نئی تازہ مانیٹرنگ) مناسک حج کی ادائیگی کا جمعہ سے آغاز ہو گیا، لاکھوں عازمین بسوں کے ذریعے منیٰ کے لیے روانہ ہوگئے۔
مناسک حج کے پہلے مرحلے میں دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے منیٰ میں قیام کے لیے روانہ ہوئے ۔
واضح رہے کہ اس سال حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ہفتہ کو ہوگا ۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمان منیٰ میں قیام کے دوران عبادات میں مصروف رہیں گے اور ہفتہ 15 جون کی صبح وقوف عرفہ کے لیے میدان عرفات کے لیے روانہ ہوں گے۔
عرفات میں حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازاکٹھی ادا کی جائے گی۔ مغرب سے قبل حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوجائیں گے، جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں اکٹھی ادا کریں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام کی طرف سے رمی جمرات کے لیے کنکریاں اکھٹی کی جائیں گی ۔
اتوار 16 جون کی صبح حجاج کرام واپس منیٰ کے لیے روانہ ہوں گے اور رمی جمرات کریں گے یعنی شیطان کو کنکریاں ماریں گے جس کے بعد حجاج کی طرف سے قربانی کی جائے گی اورمناسک حج مکمل ہو جائیں گے۔