ساہیوال ( نئی تازہ مانیٹرنگ) ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے پیڈیاٹرک وارڈ میں آگ لگنے سے دو بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے بچوں کے وارڈ میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اختر محبوب نے بتایا کہ ہسپتال کے عملے اور سیکیورٹی گارڈز نے 60 سے 70 بچوں کو وارڈ سے نکالا ،تاہم آگ اور دھویں کے باعث دو بچے اریبہ اور عباس دم توڑ گئے،جبکہ دو ماتثرہ بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ایم ایس کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں بچوں کے وارڈ میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ریسکیو کی پانچ گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا اور کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
معاملے کی تحقیقات کے لیے ایم ایس کی سربراہی میں پانچ ارکان پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے بچوں کی ہلاکت سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں۔