کراچی ( نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان میں ذی الحج 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا، یکم ذی الحج 8 جون 2024 کو جبکہ عیدالاضحیٰ 17 جون کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ذی الحج 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو کراچی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں سپارکو ، محکمہ موسمیات اور وزارت مذہبی امور کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے صدر مقامات پر ہوئے۔ سب سے پہلے پشاور کی زونل کمیٹی نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا ، بعد ازاں موصولہ شہادتوں کی روشنی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ پاکستان میں جمعہ 7 جون 2024 کو ذی الحج کا چاند نظر آ گیا ہے ، یکم ذی الحج ہفتہ 8 جون کوجبکہ عیدالاضحیٰ پیر 17 جون کو ہوگی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے بھی آج چاند نظر آنے کی پیشگوئی کی تھی ۔
یاد رہے کہ سعودی عرب میں جمعرات کو ذی الحج کا چاند نظر آگیا تھا، سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ اتوار 16 جون کو ہو گی۔