اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بالآخر اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں بھی گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن(ایف ڈی ای) نے وفاقی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی تعطیلات کااعلان کر دیا گیا ہے ، چھٹیوں کا آغاز پیر 10 جون 2024 سے ہو گا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر زیر گردش نوٹیفکیشن کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ نوٹیفکیشن جعلی ہے تاہم اب ایف ڈی ای کی طرف سے انہی تاریخوں کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جو سوشل میڈیا پر موجود نوٹیفکیشن میں درج تھیں۔
7 جون 2024 کو جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری ایجوکیشن کے فیصلے کے مطابق ایف ڈی اے کے تحت آنے والے تمام سکولوں اور کالجز میں موسم گرما کی تعطیلات 10 جون سے شروع ہو کر 31 جولائی 2024 تک جاری رہیں گی، تمام تعلیمی ادارے یکم اگست 2024 کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے دوبارہ کھل جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اور سندھ کے بعد خیبرپختوا اور بلوچستان نے بھی موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا تھا ۔
محکمہ تعلیم بلوچستان نے گرم علاقوں میں تعطیلات کااعلان کیا ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ کے گرم علاقوں میں تعلیمی ادارے یکم جون 2024 سے13اگست تک بند رہیں گے۔ 14 اگست 2024 سے تعلیمی سرگرمیاں پھر سے شروع ہوں گی۔
خیبر پختونخوا میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سرکاری و نجی یونیورسٹیز اور کالجز 15 جون سے 3 اگست 2024 تک بند رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کر دی
صوبائی ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میدانی علاقوں میں 15جون سے 3 اگست 2024 تک گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی ،جبکہ پہلے سے اعلان کردہ تمام امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔