وفاقی کابینہ نے سرکاری محکموں میں ہفتہ کی تعطیل ختم کرنے کیلئے تجاویز طلب کر لی ہیں۔ یکم جولائی سے صرف اتوار کی تعطیل کیے جانے کا امکان ہے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یکم جولائی 2024 سے ملک کے تمام وفاقی محکموں میں ہفتہ وار تعطیل صرف اتوار کے روز ہو گی جبکہ وفاقی محکموں میں ہفتہ کی تعطیل ختم کرنے کیلئے اقدامات کئے جار ہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کے نوٹس میں لایا گیا ہے کہ ہفتہ واردو تعطیلات سے بجلی سمیت کسی قسم کی بچت نہیں ہوئی اوراخراجات ہفتہ میں چھ دن کام کی طرح ہو رہے ہیں البتہ دو تعطیلات کی وجہ سے دفاتر بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : فلم میں انٹری ، چاہت فتح علی خان کا مداحوں کو’سبق‘ سکھانے کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے یکم جولائی سے ہفتہ کی تعطیل ختم کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دیئے ہیں، اور تجاویز کی حتمی منظوری کابینہ کے اجلاس میں لی جائیگی، منظوری کی صورت میں عید الا ضحیٰ کے بعد ہفتہ کی تعطیل ختم کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی محکموں میں اکتوبر 2011 سے دو ہفتہ وار تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی توانائی کی طلب کو کم کیا جا سکے۔