امریکی عدالت نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کاروباری ریکارڈ میں جعلسازی کے الزامات ثابت ہونے پرمجرم قرار دے دیا ہے۔ وہ امریکہ کی تاریخ میں پہلے سابق صدر ہیں جنہیں عدالت سے سزا سنائی گئی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پرتمام 34 الزامات ثابت ہوئے جو کہ ایک لاکھ 30 ہزار ڈالر کی ادائیگی سے منسلک تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کوخاموش رہنے کے لیے ادا کی گئی تھی۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ پر الزام تھا کہ ان کے فحش فلموں کی مشہور اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کے ساتھ تعلقات تھے اور2016 کے صدارتی انتخابات کے موقع پران تعلقات کو چھپانے کے لیے اسٹارمی ڈینئلز کو رقم کی ادائیگی کی گئی تھی ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کوباضابطہ طور پر 11 جولائی کو سزا سنائی جائے گی، قانونی ماہرین کے مطابق عدالت کی طرف سے جرمانہ عائد کیے جانے کا زیادہ امکان ہے۔ تاہم سابق صدر کو جیل بھی بھیجا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی الیکشن میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ہوں گے۔