اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن، 28 مئی یوم تکبیر پرسرکاری تعطیل اعلان کر دیا۔
یوم تکبیر ہر سال 28 مئی کو منایا جاتا ہے، پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ میں 28 مئی 1998 کو بلوچستان کے علاقے چاغی کے پہاڑوں میں 5 کامیاب ایٹمی دھماکے کیے تھے ، بعد ازاں اس دن کو ’یوم تکبیر‘کا نام دیا گیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے ، پوری قوم نے ملک کی سالمیت کیلئے فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے.
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کہ یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کنے کے خواہشمند اندرونی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر، اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاکسستانی فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے،اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئیں عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں، بلکہ ملک میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کوہم اتحاد تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔