پاکستانی سفارتخانہ کی کوششوں سے اینکر اور میراتھن رنرمونا خان کو یونان کے حکام نے رہا کردیا۔ یونان میں ہائیکنگ ایونٹ کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرانے پرانہیں گذشتہ روزحراست میں لیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ کی کوششوں سے مونا خان کو یونانی حکام نے رہا کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مونا خان کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مونا خان جیل سے رہائی کے بعد ایتھنز روانہ ہوگئی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مونا خان ایتھنز میں اپنے بیٹے سے ملاقات کریں گی، مونا خان کو گرفتاری کے بعد کترینی کے علاقہ میں قید کیا گیا تھا۔
پاکستان نے مونا خان کی گرفتاری کا معاملہ یونانی حکام کے سامنے اٹھایا اور قونصلر رسائی مانگی تھی۔
گزشتہ روز پاکستانی سرکاری ٹی وی کی اینکر مونا خان کو یونان میں ہائیکنگ ایونٹ کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرانے پرحراست میں لیا گیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ یونان میں پاکستانی سفارت خانہ مونا خان کی گرفتاری کی وجوہات معلوم کررہا ہے، اور خاتون اینکر کے رننگ کوچ ملک یوسف سے بھی رابطے میں ہے۔
قبل ازیں خاتون اینکر کے رننگ کوچ ملک یوسف نے کہا تھا کہ مونا خان دو روز قبل ہائیکنگ کے ایونٹ میں شرکت کے لیے ایتھنز( یونان) پہنچی تھیں، انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے اور پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مونا خان کی مبینہ گفتگو بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں وہ یونانی پولیس کی بدسلوکی کا ذکر کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ تمام ہائیکرزجمع تھے، جب میں نے پاکستان کا پرچم نکالا تو پولیس نے مجھے حراست میں لے لیا۔