اسلام آباد ( نئی تازہ مانیٹرنگ) سپریم کورٹ نے 17 سال قبل لودھراں میں ہونے والے قتل کے مقدمہ میں چاروں ملزمان کو بری کردیا، جن میں سے ایک ملزم چار سال پہلے جیل میں انتقال کرچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس جمال خان مندو خیل کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پنجاب کے ضلع لودھراں میں 2007 میں درج قتل کے مقدمہ میں اپیل پر فیصلہ سنا دیا ، عدالت نے مقدمے میں گرفتارسزا یافتہ چار ملزمان کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کردیا۔ بری کیے گئے ملزمان میں سے ایک ملزم کا چار سال قبل ہی جیل میں انتقال ہوگیا تھا۔
بینچ کے سربراہ جسٹس جمال خان مندو خیل نے 9 سال کی تاخیر سے اپیل سننے پر معذرت کی،بینچ میں ان کے ہمراہ جسٹس نعیم اختر افغان اورجسٹس حسن اظہر رضوی شامل تھے ۔
ملزمان کوٹرائل کورٹ سے سزائے موت سنائی گئی تھی جس کے خلاف اپیل پرہائی کورٹ سے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا گیا ، اب سپریم کورٹ نے اپیل مقرر ہونے پر 17 سال قبل ہونے والے قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے چاروں ملزمان کو بری کر دیا۔