اسلام آباد ( نئی تازہ مانیٹرنگ) کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے بلڈنگ قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد سیکرٹریٹ کو سیل اور تجاوزات کو مسمارکردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سی ڈی اے کی ٹیم نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی نگرانی میں رات گئے جی 8 سیکٹر میں کارروائی کی اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کر دیا۔
سی ڈی اے انتظامیہ کے مطابق کارروائی تجاوزات اور عمارت کے غیر متعلقہ استعمال پر کی گئی ، اور بھاری مشینری کی مدد سے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کے ارد گرد رکھے گئے کنٹینرز، سیکیورٹی بیریئرز اور دیگر تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بلڈنگ سرتاج علی نامی شخص کے نام ہے، اسے رہائشی عمارت سے سیاسی دفتر میں تبدیل کیاگیا جس پرمالک کوکئی بار نوٹسز جاری کیے گئے ،تاہم قانون پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ پلاٹ پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی جبکہ پلاٹ پر مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پلاٹ کے مالک کو متعدد بار19نومبر2020، 22فروری 2021 اور 14جون 2022 کو نوٹسزجاری کیے گئے۔
سی ڈی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 4 ستمبر2023 کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا جبکہ 10مئی 2024 کو پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
سی ڈی اے آپریشن کی اطلاع ملنے پر چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب موقع پر پہنچ گئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی سیکریٹریٹ کوسی ڈی اے کی جانب سے کبھی کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
عمر ایوب نے کہا کہ اگر بلڈنگ پر اعتراض تھا تو ہمارے پاس آتے، ہم ان کو، وہ ہمیں دستاویزات دکھاتے تو معاملہ احسن طریقے سے نمٹایا جاسکتا تھا۔