اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) دوہری شہریت کے حامل افراد کو سرکاری ملازمت دینے پر پابندی کے لیے بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق دوہری شہریت کے حامل امیدوار کی بطور سرکاری ملازم تعیناتی پر پابندی کا بل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما نور عالم خان نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا۔
بل میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
بل میں کہا گیا ہے کہ دوہری شیریت کے حامل ملازمین ملکی مفاد داؤ پر لگاتے ہیں اور احتساب سے بچنے کی خاطر ریٹائرمنٹ کے بعد ملک چھوڑ دیتے ہیں۔
اس سے قبل نور عالم خان کی طرف سے توہین عدالت قانون کی منسوخی اور دوہری شہریت رکھنے والے افراد کو سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کا جج تعینات کرنے پر پابندی کے لیے بل دو روز قبل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرایا گیا تھا۔
بل کے مطابق توہین عدالت آرڈیننس آئین سے مطابقت نہیں رکھتا، یہ آرڈیننس مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ، متبادل قانون سازی تک توہین عدالت قانون منسوخ کر دیاجائے۔
اس کے علاوہ بل میں مطالبہ کیا گیا کہ دوہری شہریت رکھنے والےافراد کی سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ میں بطور جج تعیناتی پر پابندی عائد کی جائے۔