کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) کراچی بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ 2024 کے ملتوی ہونے والے امتحانات یکم جون سے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیمی بورڈز اینڈ یونیورسٹیز محمد علی مالکانی کی سربراہی میں تعلیمی بورڈز کا اجلاس ہوا،اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے ملتوی شدہ امتحانات 28 مئی سے لیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی نے9 ویں اور10 ویں جماعت کے پرچہ جات ہیٹ ویو کے خدشےکے باعث ملتوی کردیئے تھے ، یہ پیپرز 21 سے 27 مئی 2024 کے درمیان منعقد ہونا تھے ۔
دوسری جانب انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے لیے 21ایسے ہائر سیکنڈری اسکولز کو بھی امتحانی مرکز بنایا گیا ہے جہاں میٹرک کے امتحانات بھی ہونا ہیں۔ یکساں 21 امتحانی مراکز میں بیک وقت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ یکساں امتحانی مراکزکے مسئلے کی وجہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 4 روز تاخیر سے یکم جون کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی پروفیسر نسیم احمد میمن نے کہا کہ کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات یکم جون شروع ہوں گے اور یکم جولائی 2024 تک جاری رہیں گے۔طلبا کو ایڈمٹ کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، ایڈمٹ کارڈز میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔
چیئرمین نسیم احمد میمن کے مطابق طلبا کا امتحانی مرکز تبدیل نہیں کیا جائے گا، یکم جون سے شروع ہونے والے امتحانات کا نیا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔