لاہور( نئی تازہ رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کو جیل سے رہا کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کوٹ لکھپت جیل انتظامیہ نے چوہدری پرویز الہیٰ کی رہائی کی تصدیق کردی ہے ، جیل انتظامیہ کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کے خلاف چارمقدمات درج تھے، جن میں ضمانت ہونے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پرویز الہی کو کچھ عرصہ قبل اڈیالہ جیل راولپنڈی سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا، اُن کے خلاف پنجاب اسمبلی میں جعلی بھرتیوں سمیت دیگرمقدمات تھے۔
اطلاعات کے مطابق پرویز الہیٰ جیل سے رہا ہونے کے بعد ظہور حسین پیلس پہنچ گئے قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہا ئی کا حکم دیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کو جون 2023 میں اُن کی رہائش گاہ کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست ضمانت منظور کی۔
پرویز الہٰی کے وکیل کا مؤقف تھاکہ سابق وزیر اعلیٰ کا اِن بھرتیوں سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ محکمہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ کا اندراج دو سال کی تاخیر سے کیا۔