لاہور( نئی تازہ رپورٹ) حکومت نے گرمی کی شدت بڑھنے کےباعث پنجاب بھر کے سکول 25 سے 31 مئی 2024 تک سات روز کے لیے بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔ جبکہ تعلیمی اداروں میں یکم جون سے گرمیوں کی چھٹیوں کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔
پنجاب کے سکول ایجو کیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ہیٹ ویو کے باعث پنجاب کے اسکولوں کو بند کیا جارہا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں گرمی کی شدت بڑھنے اور ہیٹ ویوکی وجہ سے سکولوں میں 7 روز کی تعطیلات کی جارہی ہیں، تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول ہفتہ 25 مئی سے جمعہ31 مئی 2024 تک بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں پہلے ہی یکم جون 2024 سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کیا جا چکا ہے اس طرح پنجاب کے سکولوں میں 25 مئی سے گرمیوں کی چھٹیآں شروع ہو جائیں گی۔
قبل ازیں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جون 2024 سے 14 اگست 2024 تک تعلیمی ادارے گرمیوں کی تعطیلات کی وجہ سے بند رہیں گے۔