تہران ( نئی تازہ رپورٹ) ایران میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ سمیت تمام مسافر جاں بحق ہو گئے ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر اتوار کو مشرقی آذربائیجان کے گھنے جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔
ایران کی مہر خبر ایجنسی کے مطابق پیر کی صبح اعلان کیا گیا ہے کہ گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے تمام مسافر شہید ہو گئے ہیں۔
ہیلی کاپٹر کے مسافروں میں صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے کے گورنر ملک رحمتی، اور مشرقی آذربائیجان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ محمد علی آل ہاشم سمیت کئی دیگر افراد شامل تھے۔
اس سے قبل موصولہ رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ تلاش کر لیا گیا تھا جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے زندہ بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں۔
قبل ازیں ایران کے ہلال احمر کے سربراہ نے کہا تھا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا لاپتا ہیلی کاپٹر مل گیا ہے لیکن صورت حال اچھی نہیں اور ملبے کے مقام پر زندگی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔