وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر اسلام آباد میں کام کرنے والی خواتین کے لیے ہاسٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی-9 میں ورکنگ ویمن ہاسٹل تعمیر کیا جائے گا۔ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) بورڈ نے آئی-9/4 میں موجود سپیشل ایجوکیشن سینٹر کو ورکنگ ویمن ہاسٹل میں تبدیل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یاد رہے کہ وزارت تعلیم اور وزارت انسانی حقوق کی جانب سے ہاسٹل کی تعمیر کی درخواست کی گئی تھی۔
سی ڈی اے نے منظوری کا نوٹیفکیشن وزارت تعلیم کو ارسال کر دیا ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایت کا مقصد کام کرنے والی خواتین کو درپیش رہائش کے مسائل میں کمی لانا ہے۔
سیکرٹری وزارت تعلیم محی الدین احمد وانی کے مطابق ورکنگ خواتین کے لیے ہاسٹل کی شدید ضرورت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، جو ان کے رہائشی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔