حکومت نے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں یکم جون 2024 سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا، گرمی میں اضافے کی وجہ سے 18مئی سے سکولوں کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیئے گئے۔
محکمہ تعلیم نے موسم گرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں یکم جون 2024 سے گرمیوں کی چھٹیاں ہوں گی،تمام تعلیمی ادارے بدھ 14 اگست 2024 تک بند رہیں گے،سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ نجی تعلیمی اداروں کو اس شیڈول پر عمل کرنا ہو گا۔
موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے جمعرات 15 اگست سے دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کریں گے۔
ایک الگ پیش رفت میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث پنجاب بھر کے سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول صبح 7 بجے کھلیں گے اور دن ساڑھے 11 بجے چھٹی ہوگی، جبکہ جمعہ کے روزسکولوں کے اوقات کار صبح 7 بجے سے ساڑھے 10 بجے تک ہوں گے۔