نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 13 مئی سے چین کا 4 روزہ دورہ کریں گے۔ پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت، سی پیک کی اپ گریڈیشن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران اسحاق ڈار پانچویں پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی چینی وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ صدارت کریں گے۔
اس موقع پر فریقین کی جانب سے اقتصادی اور تجارتی تعاون سمیت پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا، چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کی اپ گریڈیشن سے متعلق امور زیر غور لائے جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائےخارجہ علاقائی جغرافیائی سیاسی منظر نامے اور کثیرجہتی فورم پر دوطرفہ تعاون بارے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سٹریٹیجک ڈائیلاگ کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی چینی رہنماؤں، سینئر وزراء اور سرکردہ کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔اسحاق ڈار کا دورہ 13 سے 16 مئی تک جاری رہے گا۔