اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) اسلام آباد پولیس نے یوم مزدور پر شہدا کے ورثا کو پلاٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شہداء کے بچے مفت تعلیم اور مفت علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔
اطلاعات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے ابتدائی مرحلے میں محکمے کے 63 شہدا کے خاندانوں کو پلاٹس دینے کیلئے فہرستیں مرتب کرلی ہیں۔
پولیس کے شہدا کی یاد میں پولیس ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ، آئی جی اسلام آباد نے شہداء کے خاندانوں کے ہمراہ یادگار شہداء پر حاضری دی اورفاتحہ خوانی کی۔
آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہیدوں کے محکمے کا حصہ ہیں،انہوں نے پولیس شہدا کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچے 100 فیصد مفت تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ جبکہ انہیں مفت علاج کی سہولت بھی میسر ہو گی۔