وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی کاروباری وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری مزید مضبوط اور گہری ہورہی ہے۔
دورہ سعودی عرب کے اختتام پر ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب سے ایک کاروباری وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا جس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی شراکت داری کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے اپنے تین روزہ دورے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دوماہ میں دو اعلیٰ سطح کے وفود کے دورے ہوئے۔
وزیراعظم نے کثیرجہتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیےریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں۔
فلسطین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں امن کے بغیر دنیا میں امن کا حصول ناممکن ہے۔
انہوں نے شاندار مہمان نوازی اور پاکستان کیلئے محبت پر سعودی ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کا شکریہ بھی ادا کیا،
اور پاکستان کے بارے میں سعودی وزراء کو خصوصی ہدایات جاری کرنے پر ولی عہد کی تعریف کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔
ریاض کے رائل ایئرپورٹ پرسعودی عرب کے سینئر حکام، پاکستان میں سعودی سفیر، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملے نے انہیں الوداع کیا۔
اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، امیر کویت، ملائیشیا کے وزیر اعظم سمیت متعدد عالمی رہنمائوں اور اعلیٰ سطح کے سعودی حکام سے ملاقاتیں کیں۔