ریاض ( نئی تازہ مانیٹرنگ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب شروع ہونے کے بعد وفاقی وزرا اور افسران کے ساتھ مشاورتی اجلاس کیا۔
وزیراعظم ہاوس کے بیان کے مطابق شہباز شریف نے سعودی حکومت کے ساتھ سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت سے متعلق متعلقہ وزارتوں سے بریفنگ لی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی اقتصادی فورم میں پاکستان کے مؤقف کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کے حوالے سے بھی وفاقی وزرا سے مشاورت کی۔
شہباز شریف نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنی ہے، سستی کی کوئی گنجائش نہیں، تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے خصوصی سرمایہ کار ی سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا کردار انتہائی اہم ہے ۔
اس سے قبل موصولہ رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ہفتہ کی شام وفد کے ہمراہ سعودی دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، وہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب ،لاہورمیں مفت وائی فائی سروس شروع ، ہاٹ سپاٹس کی مکمل فہرست جاری
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا تھا وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے ایگزیکٹیو چیئرمین کلاؤس شویب کی دعوت پر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
عالمی تعاون اور توانائی کے موضوع پر ہونے والا عالمی اقتصادی فورم کا خصوصی اجلاس 28 اپریل سے 29 اپریل تک جاری رہے گا ۔