اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سینیٹ کے آج ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ منی ٹیکس لاء ترمیمی بل اور نیب ترمیمی بل 2023ء سمیت متعدد مسودہ جات ایوان میں پیش کیے جائیں گے ۔ چیئرمین سینیٹ کی صدارت میں جمعرات کی سہ پہر چار بجے ہونے والے ایوان بالا کے اجلاس کے لئے 17 نکات پر مشتمل ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔
اجلاس میں قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر تحریری سوالات معطل کرنے کی تحریک پیش کریں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی طرف سے منی ٹیکس لاء ترمیمی بل کی کاپی ایوان میں پیش کی جائے گی، حکومت نیب ترمیمی بل 2023ء بھی آج سینیٹ میں پیش کرے گی۔
اجلاس کے دوران کریمنل لاء ترمیمی آرڈیننس2023ء اور نجکاری کمیشن ترمیمی آرڈیننس بھی پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی ایم ایف 29 اپریل کو پاکستان کو 1.1 ارب ڈالر جاری کرنے کی منطوری دے گا
ایوان بالا کے اجلاس میں الیکشن ترمیمی بل 2024ء اور اوورسیز پاکستانیز پراپرٹی بل 2023ء متعارف کروائے جائیں گے۔
ایجنڈا کے مطابق آج کے اجلاس میں پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ترمیمی آرڈینس، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن آرڈینس اور پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ آرڈیننس بھی پیش کیے جائیں گے جبکہ این ایچ اے ترمیمی آرڈیننس بھی ایوان میں پیش ہوگا۔