کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) ایران کے صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہوگئے۔ایرانی صدر نے اپنے دورے کے دوران پاکستانی حکام سے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر ابراہیم رئیسی منگل کی سہ پہر کراچی پہنچے تھے،جہاں گورنر کامران ٹیسوری اور وزیراعلی مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا، استقبال کرنے والوں میں آصفہ بھٹو، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ ، سعید غنی ، سردار شاھ بھی شامل تھے۔
ایرانی صدر نے اپنے دورے کے دوران صدر، وزیراعظم، آرمی چیف، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز سے ملاقاتیں کیں۔ اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخ، ثقافت، مذہب کے رشتوں سے جڑے ہیں، دنیا کی کوئی بھی طاقت پاک ایران تعلقات خراب نہیں کرسکتی۔
بعد ازاں ابراہیم رئیسی اپنا 3 روزہ دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہوگئے.گورنر کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایئرپورٹ پر ایرانی صدر کو الوداع کہا۔