ایک اسرائیلی میزائل نے مبینہ طور پر ایران کے شہر اصفہان میں ایک مقام کو نشانہ بنایا ہے، جس کی امریکی حکام نے تصدیق کی ہے۔
قبل ازیں جمعرات کو اسرائیلی حکام نے امریکی انتطامیہ کو اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر ایران پر حملہ کرنے کے منصوبے سے آگاہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ حملہ مبینہ طور پر تہران سے 340 کلومیٹر جنوب میں واقع شہر اصفہان کے قریب ہوا، جس میں اہم فوجی تنصیبات ہیں، جن میں اہم ایئربیس اور جوہری تنصیبات بھی شامل ہیں۔ نیم سرکاری ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ دی ہے کہ اصفہان میں جوہری تنصیب محفوظ ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا IRNA نے اصفہان میں دھماکوں کی آوازوں کے بعد کئی صوبوں میں ملک کے فضائی دفاعی نظام کے فعال ہونے کی اطلاع دی۔ رپورٹ کے مطابق دفاعی نظام ایک مشکوک چیزکا پتہ لگانے کے بعد دفاعی شاٹ کے ذریعہ فعال کیا گیا ۔ اس کے نتیجے میں تہران، اصفہان اور شیراز کے لیے پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔
اسرائیلی حالیہ حملہ ایران کی جانب سے چند روز قبل اسرائیل پر سینکڑوں ڈرون اور میزائل داغے جانے کے بعد کیا گیا ہے،
یاد رہے کہ ایران نے دمشق میں اپنے سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کے جواب میں اسرائیل پر ڈرون اور میزائیل داغے تھے ۔