سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان پہنچے گا۔ پاکستان میں 7 ارب ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے لئے مواقع کا جائزہ لیا جائے گا۔
سعودی وفد میں متعدد وزرا ، سعودی سرمایہ کاری فنڈ کے حکام شامل ہوں گے، دورے کے دوران سرمایہ کاری کے مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
سعودی وفد کی صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ہو گی۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیرخارجہ فیصل بن فرحان کی زیرقیادت پاکستان آنے والے وفد میں وزیرپانی و زراعت انجینئرعبدالرحمان عبدالمحسن الفادلی، نائب وزیر سرمایہ کاری بدر البدر، خصوصی کمیٹی کے سربراہ محمد مازید التویجری اور دیگر شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے عمومی سرمایہ کاری کے سینئر حکام بھی وفد میں شامل ہیں ۔
دورے کا مقصد دوطرفہ تعاون اور اقتصادی شراکت داری کا فروغ ہے، وفد اپنے دورے کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وفد کا دورہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا تسلسل ہے ۔
سعودی وفد پاکستان میںخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے حکام سے ملاقاتیں بھی کرے گا ۔