لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق پاکستان روانگی کے موقع پر جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی نے وزیر اعظم کو الوداع کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران ولی عہد اور سعودی عرب کے وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوران وفاقی کابینہ کے ارکان اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعظم نے عمرہ ادا کیا اور خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے ، انہیں خصوصی طور پر بیت اللہ کے اندر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان باضابطہ ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، اعلامیے کے مطابق دونوں رہنمائوں کی ملاقات میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر مالیت کے نئے سعودی سرمایہ کاری پیکیج کے اولین مرحلہ کو جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔