لاہور ( نئی تازہ مانیٹرنگ) پاکستان نے امپورٹ پالیسی کی وجہ سے تین بھارتی پنجابی فلموں کے این اوسیز روک دئیے ، عید الفطر2024 پر فلموں کی نمائش مشکوک ہو گئی ،فلم ڈسٹری بیوٹرزکو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے امپورٹ پالیسی کی بنا پر3 بھارتی پنجابی فلموں کے این اوسیزجاری نہیں کیے جس کی وجہ سے فلم ڈسٹری بیوٹرز کے کروڑوں روپے ڈوبنے کا اندیشہ ہے،
معلوم ہوا ہے کہ عید الفطر2024 پر 3 بھارتی فلموں کی نمائش پاکستان میں ہونا تھی تاہم حکومت نے بھارتی فلموں جی وے سوہنیا جی، جٹ نوں چڑیل ٹکری اور پروہنے ٹو کے این اوسیز جاری نہیں کئے۔
واضح رہے کہ تینوں بھارتی پنجابی فلموں کی پاکستان میں نمائش کے حقوق پاکستانی ڈسٹری بیوٹرز نے کروڑوں روپے میں حاصل کیے ہیں، لیکن این او سیز جاری نا ہونے کی وجہ سے تینوں فلموں کی عید پر ریلیز مشکوک ہوگئی ہے۔
دوسری جانب فلم نولو نو ٹینشن کی عید الفطر پر ریلیز روک دی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ہدایتکار ڈاکٹر اجمل ملک کی زیر تکمیل فلم کا تکنیکی کام ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے اس کی عید پر ریلیز ممکن نہیں۔
نولو نو ٹینشن کے پروڈیوسز عزیز جہانگیری اور جونی ملک ہیں۔ فلم کی کاسٹ میں اداکار سیف خان، سردارکمال، ثوبیہ مہر، مہک نور اور دیگر شامل ہیں۔