راولپنڈی/ لکی مروت ( نئی تازہ مانیٹرنگ) سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر ڈیرہ اسماعیل خان میں آپریشن کر کے 8 دہشتگردوں کوہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد ملک کی سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگرانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
بیان کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآم کیا گیا، سکیورٹی فورسز کے آپریشن کو اہل علاقہ نے سراہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشتگرد کے خاتمے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب ڈیرہ اسماعیل خان سے ملحق ضلع لکی مروت میں منجیولا چوک کے قریب دہشتگردوں نے پولیس گاڑی پرفائرنگ کر دی جس سے ڈی ایس پی گل محمد خان اور ان کا گن مین شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔