اسلام آباد( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت نے عیدالفطر2024 کے موقع پر تعطیلات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 اپریل سے 13 اپریل تک 4 چھٹیاں ہوں گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ 10 اپریل سے ہفتہ 13 اپریل تک عید کی تعطیلات کی منظوری دے دی ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ 9 اپریل کو رمضان المبارک کی 29 تاریخ ہو گی اوراس روز چاند نظر آنے کی صورت میں عیدالفطر بدھ 10 اپریل کو ہوگی، اگر چاند نظر نہ آیا تو عید جمعرات11 اپریل کو منائی جائے گی۔
10 اپریل کو عید ہونے کی صورت میں دوسرے شہروں اور آبائی علاقوں میں جانے والے ملازمین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، دوسری جانب اکثر وفاقی اداروں میں ہفتہ کو چھٹی ہوتی ہے اس لیے عید تعطیلات میں ہفتہ کے روز کی تعطیل شامل کرنا بے مقصد دکھائی دیتا ہے ، کیونکہ وفاقی سرکاری ملازمین کو صرف تین چھٹیاں ہی ملیں گی۔
محکمہ موسمیات نے عید الفطر کے چاند کے حوالے سے پیشگوئی میں کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہوجائے گی، اس لیے منگل 9 اپریل کی شام کو چاند نظر آنے کا امکان ہے۔ چاند نظر آنے پر عید بدھ 10 اپریل کو ہو گی ۔ تاہم چاند نظر آنے یا نہ آنے سے متعلق حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔