لاہور( نئی تازہ رپورٹ) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ نام سامنے آگئے ، قومی سکواڈ کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈ یا رپورٹ کے مطابق ٹیم کے لیے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لیے کاکول میں مشاورتی عمل جاری ہے جس میں وائٹ بال کپتان بابر اعظم اور سلیکٹرز شریک ہیں۔
گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کپتان اور سلیکٹرز سے ملاقات ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز ہونے کی وجہ سے 18 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ہو سکتا ہے، معلوم ہوا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران کندھے کی انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ بولر حارث رؤف مکمل فٹ نہیں ہو سکے ، ان کا ری ہیب جاری ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ جن کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے ان میں کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور افتخار احمد شامل ہیں۔
اسی طرح اعظم خان، شاداب خان، اسامہ میر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عماد وسیم، محمد عامر اور زمان خان کے نام بھی زیر غور ہیں، جبکہ عثمان خان، وسیم جونیئر، عرفان نیازی اور عباس آفریدی بھی زیر غور کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔