اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 12 امیدواروں میں سے 5 کی جانب سے کاغذات واپس لیے جانے کے بعد 7جنرل نشستوں پر 7 امیدوار ہی میدان میں رہ گئے، اس طرح تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے۔
کامیاب ہونے والوں میں حکومتی اتحاد کے محسن نقوی،مسلم لیگ ن کے احد چیمہ، پرویز رشید، ناصر محمود اور طلال چوہدری شامل ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے راجا ناصر عباس اور حامد خان ایڈوکیٹ بھی بلامقابلہ کامیاب ہو ئے۔
پنجاب سے سینیٹ کی جنرل نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے 5 اور سنی اتحاد کونسل کے 2 امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں :سعودی عرب میں ملازمین کے لیے عید تعطیلات کا اعلان ہو گیا
مسلم لیگ (ن) کے پرویز رشید، ناصر محمود، احد چیمہ اور طلال چوہدری کامیاب ہوگئے ہیں، اسی طرح حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ محسن نقوی بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس، مصدق ملک اور عمر چیمہ کی طرف سے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے گئے۔
دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے دوران بلوچستان سے سینیٹرز کو بلامقابلہ منتخب کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کے مابین سینیٹرز کے بلا مقابلہ انتخاب بارے فارمولہ طے پانے کا امکان ہے، بلوچستان سے ایوان بالا کی 11 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو تین تین نشستیں مل سکتی ہیں۔
اسی طرح جمعیت علماء اسلام کوسینیٹ کی 2 نشستیں ملیں گی جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک نشست دی جائے گی۔
بلوچستان سے سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر انتخاب 2 اپریل 2024 کو ہو گا۔