لاہور( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بجٹ تک 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو پیکیج دینے کے لیے کمیٹی بنا دی۔
اس حوالے سے وزیرخزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےبتایا کہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے پیکیج پر کام کررہے ہیں، اور جون کے بجٹ میں سکیم نظر آئے گی،انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کمیٹی بنادی ہے، ممکن ہے بجٹ سے پہلے ہی سکیم کا اعلان کردیں۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب میں اڑھائی کروڑ سے زائد خاندان 300یونٹ یا اس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، بجلی اور گیس کی قیمتوں کا تعلق وفاقی حکومت سے ہے، پی ٹی آئی کی نالائقیوں کی وجہ سےقیمتیں بڑھ رہی ہیں۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ ہمارے پاس 300ارب روپے موجود ہیں، پنجاب حکومت کی معاشی صورتحال دیگر صوبوں سے بہتر ہے، ہم اپنے ٹیکس کے نظام میں بہتری لائے ہیں، شہبازشریف کے وزیراعلیٰ بننے سے پہلے ٹیکس کا سلسلہ بہتر نہیں تھا۔
انہوں نےکہ ہم صوبے کے ریونیو کو مزید بڑھائیں گے، جون میں بہترین بجٹ نظر آئے گا، ۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی سے تنگ ہیں حکومت ہر صورت انہیں ریلیف فراہم کرے گی، پی ٹی آئی کے 4 سالہ دور میں پنجاب کا استحصال کیا گیا، ہم نے ان کی نااہلیوں کو ٹھیک کرنا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کہتے تھے خودکشی کرلوں گا قرضہ نہیں لوں گا، لیکن اتنے قرضے ہم نے70سال میں نہیں لیے جتنے انہوں نے ساڑھے تین سال میں لیے۔