اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) عدالت نے سابق وزیراعظم بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 26 مئی لانگ مارچ توڑ پھوڑ کے دو مقدمات میں بری کر دیا۔
منگل کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی دو مقدمات میں بریت کی درخواست منظور کرلی۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف 26 مئی لانگ مارچ کے حوالے سے تھانہ لوہی بھیر اورتھانہ سہالہ میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔ وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل میں کہا کہ عمران خان پر تمام مقدمات میں صرف ایما کی حد تک ہیں، ایک دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے، بانی پی ٹی ائی کا ایک ہی طرح کا کردار رکھا۔
انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا، نہ ہی اس بارے میں بتایاگیا، مدعی مقدمہ ایس ایچ او ہے جسے مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں، مقدمات میں گواہان کے بیانات بھی نہیں ہیں۔
جج شائستہ کنڈی کے استفسار پر وکیل نعیم پنجوتھانےبتایا کہ اس سے قبل بھی عمران خان متعدد مقدمات میں بری ہو چکے ہیں۔ دلائل مکمل ہونے پرعدالت نے دونوں کیسز میں بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
بعدازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔
تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔