لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک میں مارکیٹوں کے اوقات کار میں توسیع کی اجازت دے دی ہے
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے ماہ رمضان 2024 کے دوران لاہور میں مارکیٹس رات دیر تک کھلی رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کے سلسلہ میں دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران یہ حکم دیا۔ اس سے قبل سموگ بڑھنے کی وجہ سے مارکیٹوں کے اوقات کار میں کمی کر دی گئی تھی۔
ہائی کورٹ نے کے حکم کے مطابق رمضان المبارک کے دوران لاہور کی مارکیٹیں رات 12 بجے تک کھلی رکھی جا سکیں گی۔ جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں رات 1 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔
سماعت کے دوران جوڈیشل کمیشن کے رکن نے بتایا کہ لاہور کی ٹولینٹن مارکیٹ میں مردہ مرغیوں کے ٹرک صبح کے اوقات میں لائے جاتے ہیں،ان مرغیوں کا گوشت کم قیمت شوارمے میں استعمال ہوتا ہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ صحت نے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
دریں اثنا عدالت نے جوڈیشل کمیشن کے سٹاف کیساتھ ایک ریسٹورنٹ مالک کی بدتمیزی کا بھی نوٹس لے لیا ، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت میں ریسٹورنٹ کے مالک کو بلوائیں گے۔عدالت نے جوڈیشل کمیشن سے ریسٹورنٹس کی پارکنگ کے لیے پلان بھی طلب کر لیا ہے۔