اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے انعقاد تک سرکاری ملازمین کے تبادلوں اور تقرریوں پر پابندی عائد کر دی۔
الیکشن کمیشن نے سرکاری ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ، جس کے مطابق ضمنی انتخابات کے انعقاد تک تمام متعلقہ اضلاع میں ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی انتخابات تک کوئی سرکاری عہدیدار یا منتخب نمائندہ متعلقہ اضلاع میں کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کرے گا، 21 اپریل تک ترقیاتی سکیموں کا اعلان بھی نہیں کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضمنی انتخابات قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12، بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی دو، دو اور سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر21 اپریل کو ہوں گے۔
ان نشستوں میں سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 8 اورخیبر پکتونخواکی نشست پی کے 22 پر 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات امیدوارکے قتل کے باعث تاخیر کا شکار ہوئے جو ان دونوں نشستوں پر الیکشن لڑ رہے تھے۔ خیبر پختونخوا کی نشستPK-91 اورپنجاب اسمبلی کی نشست PP-266 پر بھی 8 فروری کے عام انتخابات سے قبل متعلقہ امیدواروں کی موت کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی تھی۔
اسی طرح باقی 19 نشستوں کی تفصیل یہ ہے جن پر ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اور وہ عام انتخابات میں ایک سے زیادہ نشستیں جیتنے والے امیدواروں نے خالی کی ہیں NA-44، NA-119، NA-132، NA-196، NA- 207, PP-22, PP-32 PP-36, PP-54, PP-93, PP-139, PP-147, PP-149, PP-158, PP-164, PP-290, PB-20, PP-22 اور PS-80۔