اسلام آباد ( رپورٹ :حافظ عبید الرحمٰن) وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو وفاقی کابینہ کے ارکان کی تقرری کے لیے ایڈوائس بھجوا دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے 19 رکنی کابینہ کے نام صدر کو بھجوائے گئے ہیں، جن میں 18 وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت کا نام شامل ہے ۔
وزیر اعظم کی طرف سے صدرکو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ خواجہ محمد آصف ، احسن اقبال ،رانا تنویر حسین اعظم نذیر تارڑ،چوہدری سالک حسین ،عبدالعلیم خان کو وفاقی وزیر مقرر کیا جائے ۔
جام کمال خان ،انجینئر امیر مقام ،سردار اویس لغاری ، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، قیصر احمد شیخ اورمیاں ریاض حسین پیرزادہ کو وفاقی وزیر تعینات کرنے کی ایڈوائس بھجوائی گئی ہے ۔
سمری کے مطابق سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر مصدق ملک کا نام وفاقی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، دونوں ارکان کی سینیٹ رکنیت کی میعاد 12 مارچ کو مکمل ہونے پر بھی آئین کے ارٹیکل 91 کی شق 9 کے تحت ان کا نام کابینہ میں شامل رہے گا ۔
سمری کے مطابق احد چیمہ، محمد اورنگزیب اورمحسن نقوی کے نام بھی وفاقی کابینہ میں شامل ہوں گے ،جبکہ شزا فاطمہ کووزیر مملکت مقررکرنے کا کہا گیا ہے۔